دُبئی: پاکستانی اور بھارتی ملازموں نے مِل کر واردات ڈال دی

تین ملازمین نے مِل کر کمپنی کے لاکھوں درہم کے جُوس چُرا لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 مارچ 2019 11:30

دُبئی: پاکستانی اور بھارتی ملازموں نے مِل کر واردات ڈال دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ 2019ء) پولیس نے ایک فوڈ کیٹرنگ کمپنی کے دو بھارتی ملازمین کو جوس کے سینکڑوں ڈبے چُوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے جبکہ اُن کا ایک پاکستانی ساتھی ملازم فی الحال رُوپوش ہے۔ سرکاری استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ 33 سالہ بھارتی کیٹرنگ کمپنی کے ایک گودام کا انچارج تھا جس نے اپنی کمپنی کے ایک 31 سالہ ہم وطن نوجوان اور ایک 30 سالہ پاکستانی نوجوان کے ساتھ مِل کر جُوس کے 900باکسز چُرا لیے۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے یہ سامان ایک بار میں نہیں چُرایا بلکہ تقریباً 12 ماہ کی مُدت میں آہستہ آہستہ چوری کر کے بیچتے رہے ۔ اس طرح انہوں نے کمپنی کو لاکھوں درہم کا نقصان پہنچایا اور اپنی ملازمت کا غلط استعمال کیا۔ چوری کیے گئے مال کی فروخت کے لیے انہوں نے جعلی رسیدیں بھی تیار کروائیں۔

(جاری ہے)

تاہم بعد میں اُن کی چوری پکڑی گئی تو پاکستانی ملازم فرار ہو گیا ، جبکہ باقی دونوں ملازمین کو پولیس نے دھر لیا جنہوں نے پولیس کی تفتیش کے دوران اپنے جُرم کا ارتکاب کر لیا۔

گودام کے انچار ج نے بتایا کہ اُس نے اپنے دونوں ساتھیوں کو تیار کیا تھا کہ وہ ہر ڈلیوری کے موقع پر سو باکسز چُرایا کریں گے۔ کمپنی کے ایک اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ان لوگوں کی چوری کا اُس وقت پتا لگا جب آڈیٹر کی جانب سے پتا چلا کہ ہزاروں درہم کے جُوسز کی فروخت کا کوئی ریکارڈ نہیں مِل رہا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 15 اپریل 2019ء کو سُنایا جائے گا۔