پیرس: ’’انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس‘‘کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ

ْاقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور صحافیوں کو مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے کا مطالبہ

جمعرات 21 مارچ 2019 12:59

پیرس: ’’انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس‘‘کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) فرانس کے دارلحکومت پیرس میں قائم مختلف ملکوں کی انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ایک مشترکہ اتحاد ’’انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس‘‘( ایف آئی ڈی ایچ) نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ ’’انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس‘‘میں 112ملکوں کی تنظیمیں شامل ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ’’ ایف آئی ڈی ایچ‘‘ اور مقبوضہ کشمیر میں قائم اسکی شریک تنظیموں ’’لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم (اے پی ڈی پی) اور ’’جموںوکشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی‘‘ نے مذکورہ رپورٹ میں اقوام متحدہ کے مختلف اداروں، انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں اور صحافیوں کو مقبوضہ کشمیرتک مکمل رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تنظیم نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے جسکی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی سفارش کر رکھی ہے۔ رپورٹ میں نئی دلی اور اسلام آباد میں قائم مختلف ملکوں کے سفارتخاتوں کے ذریعے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کو مانیٹر کرنے کا نظام تشکیل دینے کی بات کی گئی ہے۔

ایف آئی ڈی ایچ نے اپنی مختصر رپورٹ میں کہا کہ 1990سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں 70ہزار سے زائد افراد قتل ، 8ہزار سے زائد جبری طور پر لاپتہ اور ہزاروں گرفتار کیے گئے جبکہ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین اور گرفتار کے جانے والے افراد پر تشدد اور دیگر غیر انسانی حربے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔