Live Updates

ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کیلئے نئی راہیں کھولے گا‘کاشف اشفاق

تجارتی توازن کو پاکستان کیلئے سازگار بنانے کی جانب مختلف اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دورہ سے مسلم امہ کے اتحاد میں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھے گا‘چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 مارچ 2019 14:54

ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کیلئے نئی راہیں کھولے گا۔ جمعرات کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان تحریک انصاف کی زیرقیادت حکومت کی ایک اور کامیابی ہے جو اس نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے ملک کی اقتصادی بحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے نتیجے میں غیرملکی سرمایہ کار پاکستان آنا شروع ہوئے ہیں اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان سے مسلم امہ کے اتحاد میں اضافہ ہوگا اور ملائیشیا سمیت غیر ملکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھے گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ بڑی تعداد میں سرمایہ کار اور تاجر بھی ملائیشیا کے وزیراعظم کے وفد میں شامل ہوں گے، پاکستان فرنیچر کونسل وفد ان سے ملاقات کرے گا جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی تجارت کا توازن تاریخی طور پر ہمیشہ ملائیشیا کی جانب رہا ہے، تجارتی توازن کو پاکستان کیلئے سازگار بنانے کی جانب مختلف اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے فرنیچر، خوردنی مصنوعات اور گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل اپنے وفود ملائیشیا، انڈونیشیا، فلپائن اور ویت نام بھیجے گا تاکہ ان ملکوں میں پاکستانی فرنیچر کو متعارف کرایا جائے جس سے پاکستان کی فرنیچر کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان موجودہ حکومت کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی تابت ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات