شادیوں کی اجتماعی تقریب 24 مارچ اتوار کو ماڈل ٹائون میں ہو گی

22 مسلم ،ایک مسیحی جوڑا نئی زندگی کا آغاز کریں گے،تیاریاں مکمل ،منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نکاح پڑھائیں گے

جمعرات 21 مارچ 2019 16:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 23شادیوں کی اجتماعی تقریب 24 مارچ 2019 ء اتوار کو صبح 11 بجے مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے بالمقابل پارک میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی شرکت کرینگے، منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی ،ضلعی رہنمائوں کے علاوہ صوبائی وزراء،ایم این ایز، ایم پی ایز، مذہبی، سیاسی ،سماجی رہنمائوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، تقریب کے انتظامات کیلئے 15انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ اجتماعی شادیوں سے متعلقہ جملہ معاملات و انتظامات کی نگرانی و رہنمائی کرینگی۔

تقریب میں آنے والے 2000 سے زائد مہمانوں کیلئے کھانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسٹیج اور پنڈال کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا، منہاج القرآن کے مرکزی رہنما آنے والے باراتیوں کو پھولوں کے ہار پہنا کر اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے خوش آمدید کہیں گے۔ باراتوں کی آمد کا سلسلہ صبح 10 بجے شروع ہو جائے گا،ہر نوبیاہتا جوڑے کو دو لاکھ سے زائد مالیت کا گھریلو سامان تحفے میں دیا جائے گا۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنما ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھائیں گے، شادیوں کی اجتماعی تقریب میں 22مسلم اور ایک مسیحی جوڑا نئی زندگی کا آغاز کرے گا، مسیحی جوڑے کا نکاح ان کے رسم و رواج کے مطابق پادری صاحب پڑھائیں گے، منہاج القرآن ویمن لیگ دولہنوں اور ان کے ساتھ آنے والی خواتین کو خوش آمدید کہیں گی۔