رمضان المبارک کے حوالے سے شہریوں کے لیے اچھی خبر

رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا حکم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 مارچ 2019 14:06

رمضان المبارک کے حوالے سے شہریوں کے لیے اچھی خبر
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : رمضان المبارک میں شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت پاور ڈویژن نے لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کو اس حوالے سے مراسلہ بھی بھجوادیا ہے۔ رمضان المبارک میں بجلی چوری اور کرپشن کے خلاف مہم مزید کامیاب ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ رمضان المبارک سے قبل کمپنی کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو ٹھیک کیا جائے۔ درختوں کی کٹائی اور اضافی ٹرانسفارمرزکی تنصیب کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے مراسلہ وصول ہونے کے بعد لیسکو چیف نے بھی اس سلسلے میں اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قبل ازیں عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔

رواں ماہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے رمضان پیکج 2019ء کی منظوری دی۔ یہ پیکج وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے کمیٹی کو بھیجا گیا تھا۔ اس پیکج کے تحت مختلف اشیائے خور دو نوش میں چار سے پچاس روپے تک کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے رمضان پیکج کے تحت آٹا، دال ، گھی، چاول، مشروبات اور چینی سمیت دیگر اشیا سستی ملیں گی۔

جبکہ اس سے دو ارب روپے کی سبسڈی بھی ملے گی۔کہا جا رہا تھا کہ رمضان پیکج کی منظوری کے بعد یہ تمام چیزیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے داموں فروخت کی جائیں گی۔ لیکن گذشتہ روز یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری کے بعد روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ۔ کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق بھی کر دیا گیا ہے۔