بیٹے کی تدفین کے لیے نیوزی لینڈ پہنچنے والی ماں انتقال کر گئی

کرائسٹ چرچ واقعہ کے شہید کی والدہ بیٹے کی تدفین سے قبل شدتِ غم سے دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پاگئیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 24 مارچ 2019 11:56

بیٹے کی تدفین کے لیے نیوزی لینڈ پہنچنے والی ماں انتقال کر گئی
ولنگٹن(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کے روز ہونے والے حملے میں شہید ہونے والے اردن کے شہری کی والدہ انتقال کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق اردن کے 38سالہ کامل درویش کرائسٹ چرچ واقعہ میں شہید ہو گئے تھے، انکی والدہ جن کی عمر 64سال تھی اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کرنے نیوزی لینڈ گئی تھیں لیکن بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کر سکیں اور جنازے سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

نیوزی لینڈ میں موجود اردن کے سفارتخانے نےفلسطینی نژاد اردنی شہری کی والدہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کامل درویش شہید کی والدہ کی میت کو اردن منتقل کرنے کے حوالے سے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ڈیری فارمنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کامل درویش اپنے بھائی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے چھ ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ منتقل ہوئے تھے اور اس وقت ان کی بیوہ اور تین بیٹے اردن میں موجود ہیں جن کے ویزہ کے لیے کامل درویش نے نیوزی لینڈ میں درخواست دے رکھی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کی نماز کے وقت کی ایک سفید فام نسل پرست دہشت گرد نے دو مساجد میں فائرنگ کر کے 50مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا اور اس واقعے میں درجنوں مسلمان زخمی بھی ہوئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں 9پاکستانی بھی شامل تھے جن میں سے نعیم رشید شہید نے دہشت گرد کو روکنے کی کوشش میں اپنی جان دے دی تھی۔ نعیم رشید شہید کی بہادری کو پوری دنیا نے سراہا تھا اور پاکستان حکومت نے یومِ پاکستان کے موقع پر انہیں بہادری کے اعزاز سے بھی نوازا۔ نعیم رشید شہید کے بیٹے کی بھی اس واقعہ میں شہادت ہو گئی تھی۔