ریلوے کا31مارچ سے کراچی کینٹ،لاہور کینٹ کے درمیان نئی نان سٹاپ ٹرین براستہ مین لائن چلانے کا فیصلہ

پیر 25 مارچ 2019 17:34

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد کی ہدایت پر پاکستان ریلوے نے 31مارچ 2019 سے کراچی کینٹ،لاہور کینٹ،کراچی کینٹ کے درمیان جناح ایکسپریس کے نام سے نئی نان سٹاپ ٹرین براستہ مین لائن چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹرین دونوں اطراف سے حیدر آباد، روہڑی اور خانیوال ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کرے گی۔

شیڈول کے مطابق جناح ایکسپریس 31۔Upکراچی کینٹ سے سہ پہر 3بجے روانہ ہو کر 5بجکر 5منٹ پر حیدر آباد رات 8بجکر 35منٹ پر روہڑی اور اگلے روز رات 2بجکر 55منٹ پر خانیوال، صبح 7بجے لاہور کینٹ اور 7بجکر 30منٹ پر لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ اسی طرح واپسی کے لئے جناح ایکسپریس 32۔Dn)) لاہور ریلوے اسٹیشن سے دوپہر 2بجکر 30منٹ پر روانہ ہو کر2بجکر 45منٹ پر لاہور کینٹ پہنچے گی اور وہاں پر 15منٹ سٹاپ کرنے کے بعد 3بجے روانہ ہو کر شام 6بجکر 35منٹ پر خانیوال رات12بجکر 50منٹ پر روہڑی،الصبح 4بجکر 43منٹ پر حیدرآباد اور صبح 7بجے کراچی کینٹ پہنچ کر اپنا سفرمکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ ٹرین بارہ اے سی بزنس کوچز، دوپاور پلانٹ اور ایک ڈائیننگ کار پر مشتمل ہو گی۔شیڈول کے مطابق اس ٹرین کا لاہور سے کراچی کا مکمل کرایہ 7ہزار روپے اور بچے کا کرایہ 5250روپے ہو گا۔ خانیوال، روہڑی اور حیدر آباد اس کے سٹاپ ہونگے۔ کھانا اور دوسری سروسز ٹرین کے کرائے میں شامل ہو ں گی۔ 48گھنٹے پہلے ریزرویشن کروانے پر 5فیصد رعائیت نہیں دی جائے گی۔ اگر کوئی مسافر راستے کے کسی اسٹیشن سے اس ٹرین پر بیٹھتا ہے تو اس سے بھی مکمل کرایہ 7ہزار روپے وصول کیا جائے گا۔ اگر کوئی آفیسر یا سٹاف انسپکشن کے لئے ٹرین کے ساتھ جانا چاہتا ہو تو اسکو بھی اے جی ایم ٹریفک سے پہلے اجازت لینا ہو گی۔ ٹرین کے اندر سے ٹکٹ بنوانے پر کم سے کم 1350 روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔