ایران میں سیلاب سے 17 افراد جاں بحق، 74 زخمی

فارس، اصفہان ،قم سمیت کئی صوبوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی

منگل 26 مارچ 2019 00:13

ایران میں سیلاب سے 17 افراد جاں بحق، 74 زخمی
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) ایران کے جنوبی علاقے میں تیز بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے 17 افراد جاں بحق اور 74 زخمی ہوگئے،فارس، اصفہان ،قم سمیت کئی صوبوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارکے مطابق ایران کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ پیر حسین کولیواند نے بتایا کہ شیراز شہر کے قریبی علاقے میں ہونے والی تیز بارشوں کی وجہ سے اچانک سیلاب آیا۔

قبل ازیں ریاستی نشریاتی ادارے نے بتایا تھا کہ سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت ان افراد کی تھی جو اپنے موبائل فونز پر سیلاب کی ویڈیو بنانے کی کوشش کررہے تھے۔دوسری جانب فارس، کردستان،قم اور اصفہان کے صوبوں میں سیلاب سے متعلق وارننگ جاری کردیا گیا ہے جبکہ تہران کی واٹر اتھارٹی نے دارالحکومت میں سیلاب کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

نیم سرکاری خبررساں ایجنسی اثنا کے مطابق صوبہ فارس کے گورنر عنایت اللہ رحیمی نے کہا کہ سیلابی صورتحال قابو میں ہے اور امدادی کام جاری ہے لیکن انہوں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے شمالی صوبوں گلستان اور مازنداران میں ایک ہفتے سے سیلاب جاری ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ان دو صوبوں میں 19 اور 20 مارچ کو ہونے والی تیز بارشوں کے نتیجے میں کئی شہروں اور دیہی علاقوں میں مقیم 56 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ۔ایران کے محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ برس ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان میں سیلاب کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر ایران کے مغربی صوبے کرمان شاہ میں 6.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میںکئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔