اماراتی لڑکے نے اپنی بہن کو تاڑنے والے پولیس اہلکار کو دھو ڈالا

پولیس اہلکار کے مطابق وہ لڑکی کو نہیں بلکہ پیچھے رہ جانے والے دوست کو دیکھ رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مارچ 2019 11:28

اماراتی لڑکے نے اپنی بہن کو تاڑنے والے پولیس اہلکار کو دھو ڈالا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) پولیس نے ایک اماراتی نوجوان کو اپنے ہم وطن کی مار پیٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ سٹی واک کی جانب جانے والی الصفا روڈ پر پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی نوجوان کی گاڑی سُرخ سگنل پر رُکی جس کی پچھلی سیٹ پر اُس کی بہن بھی بیٹھی ہوئی تھی۔ اسی دوران وہاں 26 سالہ اماراتی پولیس اہلکار کی بائیک بھی اشارے پر آ کر رُک گئی۔

گاڑی میں سوار نوجوان کے مطابق بائیک سوار مسلسل اُس کی بہن کو تاکے جا رہا تھا۔ جس پر وہ غضب ناک ہو گیا اور گاڑی سے باہر آکر بائیک سوار شخص کی پٹائی شروع کر دی اور پھرپولیس اہلکار کو زمین پر گرا دیا جس سے اُس کی 400 کلو گرام وزنی بائیک بھی اُس کی ٹانگ پر آ گری۔ اس حملے کے باعث جہاں ایک طرف پولیس اہلکار زخمی ہوا، وہاں اُس کی بائیک اور ہیلمٹ کی بھی ٹُوٹ پھُوٹ ہوئی۔

(جاری ہے)

32 سالہ متاثرہ پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ وقوعے کی رات ساڑھے آٹھ بجے اشارے پر رُکا اور پیچھے کی جانب مُڑ کر اپنے دوست کو دیکھنے لگا، جو اس کے پیچھے پیچھے ہی آ رہا تھا۔ چونکہ اُس کے دوست کو بائیک ٹھیک طرح سے چلانی نہیں آتی تھی، اسی وجہ سے وہ فکر مند تھا اور بار بار پیچھے مُڑ کر دیکھتا رہا۔ اسی دوران گاڑی میں سوار نوجوان باہر آیا اور اُسے غصّے سے پُوچھنے لگا کہ وہ اُس کی بہن کو کیوں تاڑ رہا ہے۔

پولیس اہلکار نے اُسے بتایا کہ وہ اُس کی بہن کو نہیں دیکھ رہا، بلکہ اپنے ایک دوست کو دیکھ رہا تھا، جو کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔ لیکن ملزم نے اُس کی بات پر یقین کرنے کی بجائے اُسے بائیک سے گرا کر زخمی کر ڈالا اور خود موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دُوسری جانب ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 7 اپریل 2019ء کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :