فائر بندی کے باوجود غزہ پٹی پر اسرائیل کی نئی بم باری،حماس کے ٹھکانے نشانے پر

اسرائیلی بم باری میں غزہ کے جنوب مغرب میں فلسطینی گروپوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا،مقامی میڈیا

منگل 26 مارچ 2019 14:36

فائر بندی کے باوجود غزہ پٹی پر اسرائیل کی نئی بم باری،حماس کے ٹھکانے ..
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) اسرائیلی طیاروں نے منگل کو علی الصباح غزہ پٹی میں کئی ٹھکانوں کو بم باری کا نشانہ بنایا۔فلسطینی ذرائع ابلاغ نے منگل کی صبح بتایا کہ یہ تازہ پیش رفت مصر کی وساطت سے عمل میں آنے والی فائر بندی کے اطلاق کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آ گئی۔اسرائیل نے غزہ پٹی کے مغرب میں بم باری کی نئی کارروائی کی ہے اور اسرائیلی طیاروں کی جانب سے بکثرت اڑان جاری ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بم باری میں غزہ کے جنوب مغرب میں فلسطینی گروپوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔غزہ پٹی میں کئی زوردار دھماکے سنے گئے جب کہ دوسری جانب غلاف غزہ (غزہ پٹی کی سرحد کے نزدیک اسرائیلی بستیاں) کی یہودی بستیوں میں بھی خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے۔اسرائیلی فوج نے منگل کو علی الصباح جاری ایک بیان میں اعلان کیا کہ پیر کی شب دس بجے کے بعد غزہ پٹی کی جانب سے اسرائیل پر 30 راکٹ داغے گئے۔ اس طرح پیر کی شام فائرنگ اور بم باری کے تبادلے کے آغاز کے بعد فلسطینی گروپوں کی جانب سے عبرانی ریاست پر داغے جانے والے راکٹوں کی مجموعی تعداد 60 ہو گئی۔