کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کیخلاف کیس داخل

جج ارشد حسین بھٹہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کیا ماڈل گرل کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو بھی لیٹر جاری ، ملزمہ جب بھی پاکستان واپس آئے گی اس کیخلاف کارروائی ہوگی، کسٹم عدالت

منگل 26 مارچ 2019 21:49

کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کیخلاف کیس داخل
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کیخلاف کیس داخل دفتر کردیا ہے۔کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ عدالت نے بیان قلمبند کرنے کے بعد ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کیا۔عدالت نے ماڈل گرل ایان علی کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو بھی لیٹر جاری کردیا ہے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزمہ جب بھی پاکستان واپس آئے گی اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔اسپیشل پراسیکیوٹر کسٹمز امین فیروز کا کہنا تھا کہ ریڈوارنٹ کے لئے قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ اگر ضامن اور گواہان پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے پانچ بار وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔

9 مارچ 2019 کو عدالت نے ملزمہ کو اشتہاری بھی قرار دیا تھا۔ایان علی نے 12 مارچ 2019 کو وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن عدالت نے درخواست مسترد کردی تھی۔یاد رہے کہ ماڈل گرل ایان علی کو کرنسی اسمگلنگ کیس میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز دبئی منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ملزمہ کو پکڑنے والے کسٹم آفیسر کو قتل کردیا گیا ہے۔