آسٹریلیا سے سیریز میں آرام کرنے والے کرکٹرز فٹنس میں بہتری کیلیے سرگرم ہوگئے

کپتان سرفراز احمد سمیت 6کرکٹرز کو آرام کی غرض سے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے منتخب نہیں کیا گیا تھا، کھلاڑیوں نے اپنی چھٹیاں ختم کرتے ہوئے ٹریننگ کا سلسلہ شروع کردیا

جمعہ 29 مارچ 2019 20:03

آسٹریلیا سے سیریز میں آرام کرنے والے کرکٹرز فٹنس میں بہتری کیلیے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2019ء) آسٹریلیا سے سیریز میں آرام کرنے والے کرکٹرز فٹنس میں بہتری کیلیے سرگرم ہوگئے۔کپتان سرفراز احمد سمیت 6کرکٹرز کو آرام کی غرض سے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے منتخب نہیں کیا گیا تھا،اب کھلاڑیوں نے اپنی چھٹیاں ختم کرتے ہوئے ٹریننگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں انفرادی طور پر ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں، مقصد فٹنس میں بہتری لانا ہے، پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد بھی مختلف تقریبات میں شرکت کے بعد چند روز میں ٹریننگ کا سلسلہ شروع کردیں گے۔

2اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان ون ڈے کپ میں عمدہ کارکردگی دکھاکر ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے خواہاں وہاب ریاض بھی این سی اے میں ٹریننگ کررہے ہیں، سہیل تنویر، سلمان بٹ ، سہیل تنویراور عدنان اکمل راولپنڈی میں ہونے والے ڈومیسٹک ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کے امیداروں کے فٹنس ٹیسٹ 14اپریل کو این سی اے میں ہی ہوں گے،بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی تیاری کے موقع کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، حسن علی کی آمد بھی جلد متوقع ہے، گزشتہ دونوں گروئن مسائل کا شکار رہنے والے شاداب خان کی فٹنس کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔