پٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا

ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 3.47 روپے کا اضافہ، فی کلو ایل پی جی کی قیمت 133 روپے ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 اپریل 2019 16:59

پٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اپریل 2019ء) : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پٹرول بم گرانے کے بعد اب ایل پی جی بم بھی گرا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 3.47 روپے کا اضافہ کیا جس کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 41 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

3.47 روپے فی کلو اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 133 روپے ہو گئی۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اوگرا نے وزارت پٹرولیم ڈویژن کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 6روپے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل کی قیمت میں 3، 3روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

پٹرول کی قیمت میں 6 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 98روپے 89پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 6 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت117 روپے 43 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 3 روپے اضافہ کے بعد 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 89 روپے 31پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ واضح رہے کہ اوگرا نے وزارت پٹرولیم کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں یکم اپریل سے پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 92 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویزدی گئی تھی۔ اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 6 روپے 50 پیسے بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔