لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران حمزہ شہباز گر گئے

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے قریب کھڑے ن لیگی کارکنان نے انہیں شدید زخمی ہونے سے بچا لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اپریل 2019 15:54

لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران حمزہ شہباز گر گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اپریل 2019ء) : لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز گر گئے۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز آج درخواست ضمانت پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے سامنے ہیش ہوئے۔ا س موقع پر ن لیگی کارکنان کی ایک بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی ۔ عدالت میں رش کی وجہ سے کافی دھکم پیل ہوئی جس کے دوران حمزہ شہباز گر گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز لاہور ہائیکورٹ میں سیڑھیوں سے اُتر رہے تھے کہ دھکم پیل کی وجہ سے اُن کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گر گئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گرنے کے باوجود حمزہ شہباز کو زیادہ چوٹ نہیں آئی۔ حمزہ شہباز کی پیشی کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ پہنچنے والی لیگی کارکنان کی ایک کثیر تعداد نے حمزہ شہباز کو گھیر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

پاؤں پھسلنے پر حمزہ شہباز کے قریب کھڑے لوگوں نے انہیں فوری پر سہارا دیا۔

یاد رہے کہ آج منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کی۔ حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر نیب ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے حمزہ شہباز سے رپورٹ اور شق وار جواب بھی طلب کر لیا جبکہ نیب کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور پارٹی رہنما ملک احمد خان سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال ، رانا مشہود بھی لاہور ہائیکورٹ کے کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔