چیمبر آف کامرس نے راولپنڈی میں ایکسپو سنٹر کے قیام کا مطالبہ کردیا

بدھ 10 اپریل 2019 17:10

چیمبر آف کامرس نے راولپنڈی میں ایکسپو سنٹر کے قیام کا مطالبہ کردیا
راولپنڈی 10اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2019ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے راولپنڈی میں ایکسپو سنٹر کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سابقہ بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لائونج اور پارکنگ ایریا کو ایکسپو سنٹر کے لیے مختص کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ملک شاہد سلیم نے راول انٹرنیشنل ایکسپو 2019 کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوںنے بتایاکہ راولپنڈی چیمبرآف کامرس کے زیر اہتمام چوتھی راول انٹرنیشنل ایکسپو 2019 کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،یہ نمائش 17سی21اپریل تک ٹوپی رکھ آڈیٹوریم ایوب پارک میں جاری رہے گی۔ صدر ملک شاہدسلیم نے میڈیا کو بتا یا کہ چیمبرآف کامرس کے زیر اہتمام پانچ روزہ راول انٹرنیشنل ایکسپو میں ملا ئشیاء چین ، تھائی لینڈ، نیپال، آذر بائیجان ، انڈونیشیا ، اور صومالیہ سمیت تاجکستان ازبکستان کے صنعتکار شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اڑھائی سو سے زائد سٹالز ہوں گے، ایکسپو میں غیر ملکی سفیر اور بیرونی سرمایہ کاربھی شرکت کریں گے۔نمائش کے دوران مقامی صنعتکاروں اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان ایم او یوز بھی ہوں گے۔ ایکسپو کے ذریعے ایس ایم ایز سیکٹر کا فروغ ہے۔سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

ملک شاہد سلیم نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح کی نما ئش کاا فتتاح وزیراطلاعات فواد چوہدری کریں گے۔ ایکسپومیں پاکستانی مصنوعات، لیدر ، ٹیکسٹائل، ایس ایم ایز، قیمتی پتھر اور الیکٹرانکس اشیاء رکھی جائیں گی۔ چین سے خاص طور پر پچاس سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں ۔چینی کمپنیوں کے لیے ایک الگ پویلین مختص کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ رئیل اسٹیٹ کا بھی ایک الگ پویلین مختص ہو گا۔

ایکسپو کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں کے ذریعے ملک میں امن قائم ہو چکا ہے۔گروپ لیڈر اور صدر چیمبر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پرانا ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا اور لائونج کو ایگزیبیشن سنٹر میں تبدیل کیا جائے۔چیئر مین ایکسپو ناصر مرزا نے بتایا کہ راول ایکسپو میں دوسرے ایونٹس بھی منعقد ہوں گے جن میںسیل اینڈ ڈسپلے،دستکاری مصنوعات، راول فوڈ فیسٹول ،بچوں کی دنیا،موسیقی اور صوفی نائٹ ، آٹو شو،لکی ڈرا شامل ہے اس موقع پر نائب صدر فیاض قریشی، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سابق صدور، وائس چیئر مین ایکسپو بلال مقبول، مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔