دوحہ میں تہران کے سفیر کا ایران، عراق اور قطر پر مشتمل اتحاد بنانے کا مطالبہ

قطر اور عراق کو چاہیے کہ وہ امریکا کا سامنا کرنے کے لیے ایک اتحاد میں شامل ہوں، محمد علی سبحانی

منگل 16 اپریل 2019 14:59

دوحہ میں تہران کے سفیر کا ایران، عراق اور قطر پر مشتمل اتحاد بنانے کا ..
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) دوحہ میں ایرانی سفیر نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں امریکی دبا کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران، قطر اور عراق کے درمیان سہ فریقی اتحاد تشکیل دیا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی ایران میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے دوحہ میں منعقد ایک کانفرنس کے دوران ایرانی سفیر محمد علی سبحانی نے کہا کہ قطر اور عراق کو چاہیے کہ وہ امریکا کا سامنا کرنے کے لیے ایک اتحاد میں شامل ہوں۔

تاہم ایرانی سفیر کی امیدیں ممکنہ طور پر پوری نہیں ہو سکیں گی۔

(جاری ہے)

عراق پہلے ہی اپنے سرکاری موقف کا اعلان کر چکا ہے کہ وہ کسی بھی علاقائی اتحاد میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا اور تمام فریقوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے کوشاں ہے۔یہاں تک کہ عراقی وزیراعظم عادل عبد المہدی جو سعودی عرب کے دورے کی تیاری کر رہے ہیں ،وہ ایک سے زیادہ مرتبہ اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ علاقائی جھمیلوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی پالیسی پر کاربند رہیں گے۔مذکورہ عراقی موقف کی روشنی میں اب قطر ہی اس دو طرفہ اتحاد کا نمایاں ترین شریک رہ جاتا ہے،دوحہ نے حالیہ چند برسوں میں ایران کے ساتھ مختلف سطحوں پر اپنے تعلقات کو مضبوط بنایا ہے۔