Live Updates

ہمیں وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے، زرتاج گل

جمعہ 19 اپریل 2019 15:18

ہمیں وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے، زرتاج گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مکمل اختیار حاصل ہے وہ جسے چاہیں اپنی کابینہ کا حصہ بنائیں، ہمیں ان کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بارشوں کا نظام تبدیل ہو چکا ہے مگر ہمارے کسان آج بھی مون سون کی بارشوں کو دیکھ کر بیجائی کرتے ہیں، انہیں روایتی طریقے ترک کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہئے، سیاحت کے فروغ کیلئے صاف ستھرا پاکستان لازم ہے، ویزہ پالیسی میں نئی سہولیات سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ میں کوکا کولا کمپنی اور ایس ایم ای سی آئل کمپنی کی طرف سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں صفائی مہم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کیلئے صاف ستھرا پاکستان لازم ہے تاکہ سیاحوں کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا جا سکے، کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ رویوں میں تبدیلی کی ایک مہم ہے جس کے ذریعے عوام میں یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا کرکے قومی فریضہ سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا مقصد صرف پاکستان کو خوبصورت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا کرنے کیلئے اسلام آباد وائڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کوکا کولا کمپنی اور ایس ایم ای سی آئل کمپنی اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور مارگلہ ہلز کے ٹریلز کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مکمل اختیار حاصل ہے وہ جسے چاہیں اپنی کابینہ میں شامل کریں اور جسے چاہیں تبدیل کر دیں، ہمیں ان کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے، وہ جو بھی کام کریں گے اس میں ملک و قوم کی بہتری ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگ ووٹ لے کر اقتدار میں آئے ہیں اور ملک و قوم کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت صرف عمران خان کے پاس ہے اور وہ کام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بارشوں کا نظام تبدیل ہو چکا ہے مگر ہمارے کسان آج بھی مون سون کی بارشوں کو دیکھ کر بیجائی کرتے ہیں انہیں اپنے روایتی طریقہ کاشت کو ترک کرکے موسمیاتی تبدیلی کو دیکھتے ہوئے فصلیں کاشت کرنی چاہئیں اور ہمیں انہیں یہ آگاہی دینا ہو گی وہ ایسا بیج بوئیں جس میں موسمیاتی برداشت کی صلاحیت زیادہ ہو۔

اس موقع پر کوکا کولا کمپنی کے ملازمین نے گروپس کی صورت میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی صفائی کی اور بڑی مقدار میں کچرا اکٹھا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات