غذائی اشیا کی برآمدات میں نو ماہ کے دوران2.4 فیصد کمی ہوئی، شماریات بیورو

جمعہ 19 اپریل 2019 16:34

غذائی اشیا کی برآمدات میں نو ماہ کے دوران2.4  فیصد کمی ہوئی، شماریات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) رواں مالی سال کے ابتدائی9 ماہ میں ملک سے غذائی اشیا کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر مارچ2019ء تک اشیائے خوراک کی برآمدات سے پاکستان نے 3 ہزار348 اعشاریہ 144 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2.4 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پاکستان نے اشیائے خوراک کی برآمدات سے 3430.346 ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا تھا۔جن اشیائے خوراک کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ان میں چاول، مچھلی ، سبزیاں اورتمباکو شامل ہیں، اس عرصہ میں چاول کی برآمدات میں کمی کا تناسب 0.48 فیصد ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 3 سہ ماہیوں یا 9 ماہ میں چاول کی برآمدات سے پاکستان نے 1494.667 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیاتھا، رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں چاول کی برآمدات سے پاکستان نے 1487.510 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

اس عرصہ میں مچھلی اوردیگر سمندری خوراک کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.88 فیصد اورسبزیوں کی برآمدات میں 2.48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمارکے مطابق ابتدائی 3 سہ ماہیوں میں گوشت اورگوشت سے بنی اشیاء کی برآمدات سے پاکستان کو 156.901 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں گوشت اورگوشت سے بنی اشیاء کی برآمدات سے ملک کو 159.166 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملاتھا۔

تاہم مالی سال کے ابتدائی تین سہ ماہیوں میں پھلوں ، گندم اورمصالحہ جات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔اعدادوشمارکے مطابق پھلوں کی برآمدات میں اضافہ کا تناسب 8.66 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔ مالی سال کے 9 ماہ میں پھلوں کی برآمدات سے پاکستان نے 369.255 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پھلوں کی برآمدات سے پاکستان نے 339.814 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا تھا۔

اسی طرح مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں گندم کی برآمدات سے ملک کو 121.872 ملین روپے کازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں گندم کی برآمدات سے پاکستان کو 59.510 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا یوں گندم کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 104.11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح مصالحہ جات کی برآمدات میں 14.65 جبکہ تیل داربیجوں اورنٹس کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 117.88 فیصد رہی۔اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2019ء میں برآمدات میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 15.63 فیصد اضافہ ہواہے۔