چین کی جانب سے پاکستان کے سوتی دھاگے کی درآمدات پر غیر معمولی کمی نے ملکی برآمدات پرمنفی اثرات مرتب کردیئے

جمعہ 19 اپریل 2019 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) چین کی جانب سے پاکستان کے سوتی دھاگے کی درآمدات پر غیر معمولی کمی نے ملکی برآمدات پرمنفی اثرات مرتب کئے ہیں۔جے ایس ریسرچ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق مارچ2019میں سوتی دھاگے کی برآمدات ایک بار پھر مایوس کن رہی ہے۔

(جاری ہے)

زیرتبصرہ ماہ میں سوتی دھاگے کی برآمدات میں ماہ بہ ماہ نسبت15.2فیصد اور سال بہ سال کی نسبت28.2فیصد کمی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی عمومی اچھی کارکردگی کے باوجود مارچ2019 کے دوران ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں9.5فیصد کمی سے ایک ارب 8کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومتی منیجرز کی جانب سے جاری کئے گئے بیانات کے تحت آئندہ مہینوں میں بشمول ٹیکسٹائل‘ ملکی برآمدات میں بہتری کی توقع ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ عالمی سطح پر مانگ میں کمی اور مقامی فروخت بڑھنے سے بھی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔