ٹویوٹا و سرمایہ کاری فنڈ سافٹ بینک وژن کا امریکی آن لائن ٹیکسی سروس اوبر میں 1 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا عندیہ

ہفتہ 20 اپریل 2019 12:30

ٹویوٹا و سرمایہ کاری فنڈ سافٹ بینک وژن کا امریکی آن لائن ٹیکسی سروس ..
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) جاپان کی موٹر ساز کمپنی ٹویوٹا اور سرمایہ کاری فنڈ سافٹ بینک وژن نے امریکی آن لائن ٹیکسی سروس اوبر میں 1 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے جس کا مقصد بغیر ڈرائیور ٹرانسپورٹ سروس کی ترقی ہے،سپیئر پارٹس بنانے والی جاپانی کمپنی’’ ڈینسو‘‘بھی اس منصوبے میں شامل ہوگی جو اوبر کے ایڈوانس ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹویوٹا اور ڈینسو اس منصوبے میں 667 ملین ڈالر جبکہ سافٹ بینک وژن فنڈ کا سرمایہ کاری ونگ 333 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔ٹویوٹا پہلے ہی اوبر میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکی ہے ۔اوبر کے چیف ایگزیکٹو دارا خوسرو شاہی کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیور کاروں کے استعمال سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری آئے گی، ہماری سڑکیں محفوظ اور شہر بہتر انداز میں زندگی گزارنے کے قابل ہوجائیں گے۔