Live Updates

فرنیچر پروڈیوسرز کی جانب سے وفاقی بجٹ 2019-20 ء کے لیے بجٹ تجاویز وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کو پیش کردی گئی ہبں، ان تجاویز میں فرنیچر برآمدات کو فروغ دینے کے لئے فنڈز مختص کرنے اور فرنیچر سیکٹر کو صنعت کی حیثیت دینے کی اپیل کی گئی ہے

سیکٹر کے تحفظ کے لئے مثبت فیصلوں اور پالیسیوں کی ضرورت ہے تاکہ یہ صنعت درست طور پر آگے بڑھ سکے، اس وقت ہم قیمتوں اور ماہر لیبر کی دستیابی کے مسائل کی وجہ سے چائنیز مارکیٹ سے مقابلہ نہیں کر سکتے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق کا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 13:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے ملک کے فرنیچر پروڈیوسرز کی جانب سے وفاقی بجٹ 2019-20 ء کے لیے بجٹ تجاویز وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کو پیش کردی گئی ہبں، ان تجاویز میں فرنیچر برآمدات کو فروغ دینے کے لئے فنڈز مختص کرنے کے علاوہ فرنیچر سیکٹر کو مکمل صنعت کی حیثیت دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

میاں محمد کاشف اشفاق نے ہفتے کو پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئیکہا کہ فرنیچر سیکٹر کے تحفظ کے لئے مثبت فیصلوں اور پالیسیوں کی ضرورت ہے تاکہ یہ صنعت درست طور پر آگے بڑھ سکے، اس وقت ہم قیمتوں اور ماہر لیبر کی دستیابی کے مسائل کی وجہ سے چائنیز مارکیٹ سے مقابلہ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اس سلسلے میں حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا ہے کہ شعبے کو مستحکم بنانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مراعات دی جائیں گی۔

میاں محمد کاشف اشفاق نے حکومت سے اپیل کی کہ فرنیچر کی برآمدات کے فروغ کے لئے اس شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دینے کے علاوہ کاریگروں کی تربیت اور فرسودہ مشینری کو جدید مشینری سے تبدیل کرنے کے لئے مالی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹ کے حالات سے مکمل آگاہی اور اس صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے، اس کے تحفظ، ترقی اور فروغ کے لئے اس شعبے کے ساتھ زیادہ قریبی رابطے استوار کرے تو بہتر نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں کاروباری و تجارتی میلوں میں شرکت کے طریقہ کار کو سہل اور اس مقصد کیلئے گرانٹس کے حصول میں آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تقریباً چار ارب روپے کا فرنیچر درآمد کرتا ہے جبکہ اس کی برآمدات صرف 70 کروڑ روپے ہیں،اگر بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے فرنیچر مینوفیکچررز اور برانڈز کو مطلوبہ معاونت فراہم کی جائے تو یہ صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور فرنیچر مصنوعات عالمی منڈیوں میں جگہ بنا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کو مناسب سہولیات اور ماحول فراہم کر کے مقامی کارکنوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان سے امید کرتی ہے کہ وہ اقتصادی حکمت عملی کی تشکیل سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے، پی ایف سی معاشی استحکام اور موجودہ مشکل صورتحال سے نکلنے کیلئے حکومتی پالیسیوں کی بھر پور حمایت کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات