Live Updates

پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بابر عطا

پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورتحال پر نظر ہے، معاون خصوصی

منگل 23 اپریل 2019 14:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر عطا نے واضح کیا ہے کہ پشاور میں پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔پشاور کے علاقے ماشوخیل میں گزشتہ روز پولیو کے قطروں سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا ڈرامہ سامنے آیا جس کے بعد مشتعل افراد نے مرکز صحت کو آگ لگا دی تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے کہا کہ پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی درج کرلی گئی ہے اور پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورتحال پر نظر ہے، انشاء اللہ ملزمان جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔یاد رہے کہ بچوں کے بیہوش ہونے کی ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو بچوں کو بیہوش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے دیکھا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات