کوہستان کے گائوں جالکوٹ میں اے سی داسو نور اکبر خان نے پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

منگل 23 اپریل 2019 15:03

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) کوہستان کے گائوں جالکوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر داسو نور اکبر خان نے گورنمنٹ ہائی سکول میں پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ہیلتھ ڈاکٹر پیرزادہ، ڈاکٹر نوشیروان، ڈاکٹر فضل الرحمن اور ڈاکٹر بخت بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر داسو انور اکبر خان نے کہا کہ بہت جلد کوہستان کو پولیو فری ضلع بنایا جائے گا، پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے پولیس کے جوان ان کے شانہ بشانہ ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، اس دفعہ ہماری کوشش ہے کہ کوہستان کے دور افتادہ گائوں کا پانچ سال سے کم ایک بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور اس سلسلہ میں پولیو کی ٹیموں کو بحفاظت وہاں تک پہنچانے کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے مرض کی وجہ سے دنیا بھر میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے، بہت کچھ کرنے کے باوجود بھی ہم ملک کو پولیو فری ملک بنانے میں بہت پیچھے ہیں، ہمیں اس کام کو جہاد کے طور پر لینا ہو گا، علماء کرام لوگوں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کریں کہ یہ کوئی نقصان دہ عمل نہیں ہے بلکہ دو قطرے پولیو سے آپ کا بچہ ہمیشہ کیلئے پولیو کے مرض سے بچ سکتا ہے۔