تحریک منہاج القرآن کے تحتاستقبال رمضان اور شہر اعتکاف کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

بدھ 24 اپریل 2019 22:35

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل ملک بھر میں یکم رمضان المبارک سے شروع کر دیا جائیگا۔ معتکفین کی رجسٹریشن کیلئے مرکزی ڈیسک مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قائم کیا جائے گا،آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبائی دفاتر میں بھی رجسٹریشن کی جائے گی۔

تنظیمی عہدیداران شہر اعتکاف 2019 ء کی رجسٹریشن کیلئے رابطہ مہم شروع کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر لاہور حافظ غلام فرید،ناظم اشتیاق حنیف مغل،حاجی حنیف قادری،حفیظ اللہ جاوید،ساجد اصغر،رمضان ایوبی،حافظ صفدر،علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جی ایم ملک نے کہا کہ رمضان المبارک اخلاقی،روحانی تربیت کا بابرکت مہینہ ہے۔ انہوں نے مطا لبہ کیاکہ حکومت رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دے۔ قائمقام ناظم اعلیٰ نے کہا کہ مثالی معاشرہ وہی ہوتا ہے جس میں تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں ،حاجت مندوں کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے زندگی گزاریں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان بلا امتیاز رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔