عجمان میں سُپر بائیک کے حادثے میں نوجوان جاں بحق

یہ المناک سانحہ الحمیدیہ کے علاقے میں شیخ زاید روڈ پر پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 اپریل 2019 11:58

عجمان میں سُپر بائیک کے حادثے میں نوجوان جاں بحق
عجمان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،26 اپریل 2019ء) عجمان کے علاقے الحمیدیہ میں ایک جان لیوا ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والے 25 سالہ نوجوان کا تعلق ایک خلیجی مُلک سے تھا۔ نوجوان شیخ زاید روڈ پر سُپر بائیک چلا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتاری کی وجہ سے سُپر بائیک اُس کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک کنارے پارک کی گئی ایک گاڑی سے جا ٹکرائی۔

عجمان ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ٹریفک اینڈ پٹرول سیکشن کے سربراہ میجر فوض یوسف الخاجہ نے بتایا کہ جب پولیس کو اس واقعے کی اطلاع مِلی تو سرکاری ایمبولینس کے علاوہ پولیس کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ طبی امداد کی ٹیم نے جب نوجوان کو چیک کیا تو پتا چلا کہ وہ اندرونی چوٹوں اور زخموں سے خون بہنے کے باعث پہلے ہی اللہ کو پیارا ہو چکا تھا۔

(جاری ہے)

متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دی گئی۔ جسے بعد میں ورثاءاُسے تدفین کے لیے ساتھ لے گئے۔ میجر فوض نے عوام کو تاکید کی کہ وہ حدِ رفتار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ خصوصاً موٹر سائیکل سوار جذباتی ہو کر ڈرائیونگ نہ کریں کیونکہ وہ بہت زیادہ غیر محفوظ ہوتے ہیں۔ ماضی میں کئی نوجوان تیز رفتاری کے چکر میں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔ پولیس کی جانب سے کئی بار نوجوانوں کو محتاط ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی گئی ہے۔