سندھ ہائی کورٹ سکھر کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کی کارروائی، سکھر پریس کلب کو سیل کر دیا گیا

جمعہ 26 اپریل 2019 17:18

سکھر۔26اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کے احکامات پر میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے سکھر پریس کلب کو سیل کردیا ، پریس کلب کے جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق پی ایف یو جے کے مرکزی رہنماء لالا اسد پٹھان نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، میونسپل انتظامیہ کارروائی کے بعد شاہراہ پر کیمپ لگا کر عارضی پریس کلب قائم کردیا گیا ہے ،کیمپ پریس کلب میں تمام صحافتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، سندھ ہائی کورٹ نے میونسپل انتظامیہ کو سکھر پریس کلب 48 گھنٹوں میں سیل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2ماہ قبل ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پریس کلب پارک کی اراضی میں قائم ہے اور میونسپل کارپوریشن اسے تحویل میں لے،فیصلے کے بعد متبادل جگہ کیلئے پریس کلب انتظامیہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اورمتبادل جگہ کیلئے پریس کلب کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، کیس کی سماعت 8 مئی کو ہوگی۔