پاکستان میں پہلے ” کلاوڈ ڈیٹا سنٹر“ کے قیام کے لیے معاہدہ طے پاگیا

ائر لنک کمیونیکیشن اور ہواوئے ٹیکنالوجیز نے اس معاہدہ کو ” ہووائے ائر لنک کلاوڈ“ کا نا م دیا ہے دونوں کمپنیاں میڈیا اور فنانس کی صنعتوں کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز حل پیش کریں گی، مظفر حیات پراچہ

پیر 29 اپریل 2019 15:19

پاکستان میں پہلے ” کلاوڈ ڈیٹا سنٹر“ کے قیام کے لیے معاہدہ طے پاگیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2019ء) پاکستان میں ” کلاوڈ ڈیٹا سنٹر“ کے قیام کے لیے ائر لنک کمیونیکیشن اور ہواوئے ٹیکنالوجیز کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔ یہ تاریخی معاہدہ پاک چائینہ تجارت و سرمایہ کاری فورم کے دوران بیجنگ میں طے پایا۔اس کلاوڈ کو ” ہووائے ائر لنک کلاوڈ“ کا نا م دیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کے تحت پاکستان میں ورلڈ کلاس آئی ٹی سلوشن اور انفراسٹرکچر کے ساتھ میڈیا اور فنانس انڈسٹریز میں انقلاب لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ائر لنک کمیونیکیشن2012ء سے ہووائے کی منتخب شراکت دار ہے۔مذکورہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے مابین پائیدار کاروبار کا تسلسل ہے۔ائر لنک کمیونیکشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر حیات پراچہ نے دونوں کمپنیوں کے مابین تاریخی معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ائر لنک بہتر آئی ٹی حل( سلوشن) فراہم کرکے پاکستان کی معیشت کی ترقی اور بڑھوتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

مستقبل میں ہووائے کے ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔اس موقع پر ہووائے ٹیکنالوجیز کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ائر لنک کمیونیکیشن کے اشتراک سے میڈیا اور فنانس کی صنعتوں کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز حل پیش کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ او ٹی ٹی طرز کا ہائی کلاوڈ پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔ہووائے فنانس انڈسٹری کے لیے تیزترین خدمات،بزنس انویسٹمنٹ،انٹیلیجنس جیسی خدمات فراہم کر کے پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں زیادہ سے زیادہ ایڈوانس بنایا جائے گا۔