بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اور انسانی قدروں کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، میر واعظ فورم کی گرفتاریوں کی مذمت

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیریوں کی حالت زار نوٹس لیکر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ترجمان کا بیان

جمعہ 3 مئی 2019 13:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فورسز کی طرف سے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں بیسیوں نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ، گھروں پر چھاپوں اور مکینوں کر ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے پلوامہ اور شوپیاں میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل ان اضلاع کے گڈورہ ، نیوہ، پاریگام، مرن ، ڈی کے پورہ اور دیگر علاقوں سے بیسیوں نوجوانوں کو بلاجواز اور غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جس بہیمانہ طریقے سے گھروں پر چھاپوں ، نوجوانوں کی گرفتاری اور بچوں ، معمر افراد اور خواتین سمیت مکینوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے وہ کھلی جارحیت ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ گرفتارکے گئے نوجوانوں میںاکثر کم عمر لڑکے ہیں اور پڑھ رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر میں تمام مسلمہ جمہوری اور انسانی قدروں کی دھجیاں اڑا رہے ہیں جو انسانی حقوق کے عالمی اداروں کیلئے چشم کشا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک تکلیف دہ صورتحال سے گزر رہے ہیں اور وہ بھارت اور عالمی برادری سے محض اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ انکے ساتھ جو وعدے کیے گئے ہیں انہیں پورا کرتے ہوئے انہیںاپنے سیاستی مستقبل کے تعین کا کا موقع دیا جائے۔ ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار نوٹس لیکر ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔