فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ’’دمہ ‘‘کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا

جمعہ 3 مئی 2019 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2019ء) :عالمی ادارہ صحت، ورلڈ ایستھماسوسائٹی ، صوبائی وزارت صحت ، محکمہ صحت حکومت پنجاب ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ، چیسٹ سوسائٹی پنجاب اور گلوبل انیشی ایٹو فارایزما کے زیر اہتمام جمعہ کے روز دمہ کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا۔. اس موقع پر فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ’’آپ خود اپنے دمے پر قابو پا سکتے ہیں‘‘کے عنوان سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن سے پلمونری میڈیسن سپیشلسٹس ،چیسٹ سپیشلسٹس ، ماہرین کریٹیکل کیئر ڈیپارٹمنٹ اور طبی ماہرین امراض سینہ نے خطاب کیا۔

انہوںنے بتایا کہ یہ مرض سانس کی نالیوں یا پھیپھڑوں کی نالیوں میں خرابی کا مرض کہلاتا ہے جو ان نالیو ں کی سوزش کی وجہ سے لاحق ہوجاتا ہے یہہ سوزش کسی حد تک جزوی ہوتی ہے جبکہ دیگر امراض کی طرح یہ عارضہ بھی پاکستان میں تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ مرض سے متعلق عدم آگاہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ دمے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں مٹی ،دھول، پولن ،جانوروں کی کھال،سینے کا ا نفیکشن ، تمباکو نوشی، جذباتی دباؤ اور مخصوص ادویہ وغیرہ کا استعمال بھی شامل ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر کسی شخص کو کھانے پینے کی اشیاء سے الرجی ہو تو مخصوص ٹیسٹ کے ذریعے سب سے پہلے الرجی کی وجہ معلوم کی جاتی ہے جس کے بعد اس کا علاج شروع کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ دمہ ایک قابل علاج مرض ہے لہٰذا شہری دمے کی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ماہرین طب سے رجوع کریں تاکہ مرض کو بگڑنے اور بڑھنے سے بچایاجا سکے۔دمہ کے عالمی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی معلوماتی پروگرام نشر کئے جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔