شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات کی تائید کردی

آفریدی نے اپنی کتاب میں جو ذکر کیا ہے، حقیقت میں سینئر کھلاڑیوں کا رویہ اس سے کہیں زیادہ برا تھا:سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 مئی 2019 13:49

شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 مئی2019ء) پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات کی تائید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ سینئر کھلاڑیوں کے روئیے سے متعلق بہت کچھ لکھ سکتا تھا، اور میں اس کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں جو ذکر کیا ہے، حقیقت میں سینئر کھلاڑیوں کا رویہ اس سے کہیں زیادہ برا تھا۔

انہوں نے کہا ”میرے خیال سے شاہد آفریدی کو سینئر کھلاڑیوں کے جس روئیے کا سامنا کرنا پڑا، اس سے کہیں زیادہ کم اپنی کتاب میں لکھا ہے۔میں ان میں سے کچھ چیزوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور میں اس کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔“سینئرکھلاڑیوں کیساتھ گزرنے والے اپنے وقت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ایک مرتبہ تو چار سینئر کھلاڑی مجھے بلے کیساتھ پیٹنے ہی والے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 سینئر کھلاڑیوں نے بعد ازاں اپنے روئیے کے بارے میں معافی بھی مانگی تھی۔خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے حال ہی میں منظر عام پر آنے والی اپنی کتاب میں جاوید میاںداد، وقار یونس اور دیگر کھلاڑیوں پر شدید تنقید کی جس کے بعد سابق ٹیسٹ عمران فرحت نے بھی ایک انٹر ویوکے دوران سابق آل راﺅنڈر پر سنگین الزامات عائد کیے۔دریں اثنا ءکتاب میں کئے گئے متنازعہ انکشافات کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ، درخواست گزار نے ہائی کورٹ سے کتاب پر پابندی لگانے کی استدعا کی ہے ۔