بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے فیصل مسجد میں خطبہ دیا

جمعہ 10 مئی 2019 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2019ء) اسلام آباد ۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے فیصل مسجد میں خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی۔ نماز جمعہ میں اسلامی یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدران سمیت جڑواں شہروں سے نامور شخصیات اور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خطبہ کے دوران انہوں نے کہا کہ جملہ مسلمین اس ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر الله کی رضا کے حقدار بن جائیں گے، ماہ رمضان معاشرتی تربیت اور درستگی کا اہم ذریعہ ہے جس میں نماز قائم کرنے سے لے کر زکواة کی تقسیم تک ایک ایک عمل میں بھلائی اور دگنا ثواب ہے۔

صدر جامعہ نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اس ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کو اسلام کے پیغام امن سے روشناس کرانے کے لئے میدان عمل میں آئیں اور ہر کونے تک اسلام کے مثبت تاثر کو پہنچائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ یہ مہینہ اس بات کا متقاضی ہے کہ نادار اور ضعیفوں کو کسی صورت نہ بھولا جائے بلکہ ان کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہینہ دعا کا ہے اور اس میں ملکی سلامتی اور اس مملکت خداداد کے استحکام کے لئے مصروف عمل اس کے رکھوالوں کے لئے بھی دعا کی جائے۔

ڈاکٹر الدریوش نے صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ روزہ صبر کا درس دیتا ہے ، جبر اور تشدد کی نفی کرتا ہے اور اگر اس عظیم پیغام کو عملی طور پر معاشرے میں عام کیا جائے تو روزے کے اصل مقاصد اور برکات سے بہتر طور پر فیضیاب ہوا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :