دہشت گردوں کاکوئی مذہب نہیں،یہ انسانیت کے دشمن ہیں، زیشان علی نقوی

ةداتادربار اور گوادر پی سی ہوٹل میں دھماکے کرنے والے معاشرتی ناسور ہیں، ڈپٹی میئر اسلام آباد

منگل 14 مئی 2019 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2019ء) ڈپٹی میئر فیڈرل کپیٹل اسلام آباد سید زیشان علی نقوی نے کہاہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں،داتادربار اور گوادر پی سی ہوٹل میں دھماکے کرنے والے معاشرتی ناسور ہیں جو صرف چندپیسوں کیلئے اپنے ملک سے غداری کرکے بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشت گردی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کانشان عبرت بناناچاہئیے تاکہ آئندہ کوئی اپنی مٹی اور عوام سے غداری نہ کرسکے،پاکستانی قوم یکجاں ہے ،دشمن کے تمام ناپاک ارادے نیست ونابود ہوجائیں گے۔

سید زیشان علی نقوی نے گوادر میں ہونے والی دہشتگردوں کی کارروائی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی دہشتگردوں کی کارروائیاں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے متعلق سرگرمیوں کو متاثر نہیں کرسکتیں، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی کو اپنا کرداراداکرناہوگا،دہشتگردہماری صفوں میں چھپے ہوتے ہیں ،عوام اپنے اردگرد سے ہوشیاررہیں،پاکستان قوم جھکنے والی نہیں ،ہم دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچاکر دم لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے ہماری قوم، افواج اور دیگر اداروں کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں معصوم شہریوں کی شہادتوں پر دل خون کے آنسو رورہاہے مگر مٹھی بھر دہشتگرد ہمیں خوفزدہ کرکے کسی صورت بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے،حالات کا تقاضایہی ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان اپنے باہمی اختلافات کوفراموش کرکے ایک ایجنڈے پر متفق ہوجائیں۔

ڈپٹی میئراسلام آبادسیدزیشان نقوی نے مزید کہاکہ ملک دشمن قوتوں کو ہماراایٹمی قوت ہوناکسی صورت بھی قبول نہیں جو ایک منظم سازش کے تحت مذہبی فرقہ واریت کی آگ کو فروغ دے کر ہمیں آپس میں دست وگریباں کرواناچاہتی ہیں اگر ہم اپنے باہمی اختلافات کو نازک حالات میں دفن کرکے موجودہ حکومت کے دست باز نہ بنے تو ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پرامن پاکستان نہیں دے سکیں گے۔ڈپٹی میئرزیشان نقوی نے کہاکہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور دہشتگرد ہمیں اس طرح کی کارروائیوں سے کمزور نہیں کرسکتے۔