امام حسینؓ کونسل کے زیر اہتمام حضرت خدیجہ الکبریٰؓ کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 16 مئی 2019 21:50

راولپنڈی16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) امام حسینؓ کونسل کے زیر اہتمام عالمی ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰؓ کانفرنس جمعرات کے روز راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی۔جس میں چئیرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی ،نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،عالمی شہرت یافتہ سکالر طیبہ خانم‘ مختلف مکاتب فکر کے نامور علما مشائخ اور مختلف ادیان کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بعثت پیغمبر کے بعد جب سب کفار مخالف تھے، تو اس وقت حضرت خدیجہؓ، پیغمبر اکرمﷺ کی مونس و غمخوار بنیں۔ خواتین خدیجہ الکبریٰؓ کی زندگی کا مطالعہ کرکے گھریلوزندگی کو آسان بنا سکتی ہیں۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہؓ نے اپنا تمام مال اور اولاد اسلام پر نچھاور کر کے دین کی بنیادوں کو اس قدر مستحکم کیا کہ تاابد کوئی شیطانی قوت پیغام اسلام کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہے کہ حضرت خدیجہ الکبریٰؓ صبر و استقامت اور عزم و استقلال کی مضبوط چٹان تھیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ اٴْم المومنین حضرت سیدہ خدیجہ الکبریٰؓ کی ترویج دین اور اشاعت اسلام کے حوالے سے لازوال اور بے مثال قربانیاں تاریخ اسلام کا زرّیں باب ہیں۔