شہر اعتکاف کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹ لگائے جائیں گے، 10ایمبولینسز بھی موجود ہونگی

ہزاروں متعکفین کے لیے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے‘ سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد

ہفتہ 18 مئی 2019 22:50

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) تحریک منہاج القرآن کی جانب سے شہر میں اعتکاف کی تیاریاں و تزئین وآرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کے درس اور خطابات سے بہتر استفادہ کیلئے شہر اعتکاف میں تین دیوہیکل ایل ای ڈیز سکرین لگائی جارہی ہیں ، بہترین ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا جارہا ہے، مرد جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں جبکہ خواتین منہاج گرلز کالج میں اعتکاف میں بیٹھیں گی، مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹ لگائے جائیں گے، گرمی سے بچاؤ کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف چار فٹ قطر کے بڑے پنکھے لگائے جائیں گے، ہزاروں معتکفین کیلئے 25ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف میں موجود رہیں گی، ان خیالات کا اظہار جواد حامد نے ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ،انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جواد حامد نے کہا کہ فجر کی نماز کے بعد متعکفین آرام کریں گے جبکہ اس کے بعد انفرادی اور اجتماعی معمولات کا سلسلہ ظہر تک جاری رہے گا، جواد حامد مزید بتایا کہ منہاج آئی ٹی بیورو، سوشل میڈیا اور منہاج ٹی وی کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونے والی دیگر محافل و سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی دو بڑے سائز کی ایل ای ڈیز سکرینز لگائی جائیں گی، جواد حامد نے بتایا کہ ہزاروں متعکفین کیلئے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے، کھانوں کی پکوائی کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سحری اور افطاری کے لیے بنایا جانے والا تازہ کھانا بروقت معتکفین تک پہنچ سکے، پورے شہر اعتکاف میں ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام بھی کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ گرمی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے بچنے کیلئے شہر اعتکاف میں ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر اعتکاف سمیت ملک بھر میں جہاں جہاں بھی اجتماعی اعتکاف ہورہے ہیں ان مقامات کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سکیورٹی ٹی میں بھی اپنے فرائض انجام دیں گی، معتکفین کی سکیورٹی کیلئے اعتکاف گاہ میں مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں۔