کراچی،ہیومن رائٹس نیٹ ورک کا ڈالرکی قیمت میں اضافے اور روپے کی مسلسل گراوٹ پر تشویش کا اظہار

اتوار 19 مئی 2019 21:16

ں*کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری ،جوائنٹ سیکریٹریز خالدجمال اورذبیح اللہ قریشی نے ڈالرکی قیمت میں اضافے اور روپے کی مسلسل گراوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور عوام کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے مشترکہ بیان میں کہی ، انتخاب عالم سوری خالدجمال اورذبیح اللہ قریشی نے کہا کہ ڈالر مسلسل مہنگا ہورہا ہے ،روپے کی گراوٹ سے ملکی کرنسی کی قدر کم ہوتی جارہی ہے جو تشویشناک امر ہے ،ڈالر مہنگا ہونے سے ملک کا عام آدمی متاثر ہوگا ،مایوسی بڑھے گی اور خود کشیوں کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اشیا کی قیمتوں کا دارومدار پیٹرول مہنگا ہونے پر ہوا کرتا تھا تاہم اب مارکیٹ میں ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے زیراثر ہے ،انتخاب عالم سوری نے کہا کہ ڈالر کی قیمت ایک ہفتے میں 6روپے سے زائد بڑھ چکی ہے اور یہ انٹر بینک میں 151روپے کی سطح پر پہنچ چکا ہے جو عوام کیلئے پریشان کن بات ہے اس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور عام آدمی کی قوت خرید بھی ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈالر کی قیمت کو نیچے لانے اور اسے کنٹرول میں رکھنے کے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں ۔