ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائیگی، صوبائی وزیر خوراک

پیر 20 مئی 2019 16:55

ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائیگی، صوبائی وزیر خوراک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) کابینہ کمیٹی برائے گندم خریداری کا اجلاس وزیر اعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں صوبہ میں جاری گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اقدامات سے کاشتکاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اورملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کے کاشتکاروں کو نقد رقم میں فوری ادائیگیاں کی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے مقررکردہ قیمت پر گندم کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے،پنجاب حکومت کسانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریگی۔چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے اجلاس کو بتایا کہ گندم خریداری کا ہدف کامیابی سے پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے مثبت نتائج برآمد ہو ئے ہیں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال، محکمہ خوراک،خزانہ، صنعت، زراعت کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :