رہزن گروہ گرفتار،لاکھوں روپے ،اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد

پیر 20 مئی 2019 20:14

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) پشاورپولیس نے حیات آباد کے علاقہ میں منی ایکسچینج ملازمین سے 30 لاکھ روپے چھیننے اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے سکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے والے خطرناک رہزن گروہ کا سراغ لگاکر5ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان نے دوران تفتیش حیات آبادکے ساتھ ساتھ پشتخرہ کی حدود میں پٹرول پمپ منیجر سے بھی 24 لاکھ روپے چھیننے کے علاوہ دیگر متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے 36 لاکھ روپے،جدید خود کار اسلحہ اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں ہیں ، ملزمان سے مزید سنسنی خیز اور اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منی ایکسچینج ملازم مظہر خان نے تھانہ حیات آباد پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ برانچ منیجر شاکراللہ کے ہمراہ مسلم کمرشل بنک فیز 5 حیات آباد سے 30 لاکھ روپے وصول کرکے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر واپس بلال مارکیٹ جا رہے تھے کہ راستہ میں 5 نامعلوم مسلح افراد نے ان سے اسلحہ کی نوک پر رقم چھیننے کی کوشش کی ، جو مزاحمت پر ملزمان نے اسلحہ آتشین سے فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا جبکہ ملزمان 30 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے، جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے مسلح رہزنی کی واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ وسیم ریاض کی سربراہی میں اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین ، ایس ایچ او تھانہ حیات آباد کامران خان اورایس ایچ او پشتتخرہ قاضی عارف پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزما ن کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا ایس پی کینٹ کی سربراہی میں اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین اور دیگر تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے ، اسی طرح مختلف مشکوک افراد کی بھی کڑی نگرانی شروع کی گئی جبکہ جائے وقوعہ کے آس پاس موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جائے وقوعہ سے جانے والے تمام راستوں کی بھی جانچ پڑتال شروع کی گئی جس کید وران تفتیشی ٹیم نے اصل ملزمان تک رسائی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ روز کامیاب منظم رہزن گروہ کے ارکان محاد ولد افتخار حسین،نظام اللہ ولد انعام اللہ ،مصطفی ولد عزیز خان،عاطف ولد فدا حسین اور حیات شاہ ولد زاہد شاہ ساکنان اچینی کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کیدوران حیات آباد میں بنک ملازمین سے 30 لاکھ روپے چھیننے اور واردات کید وران منی ایکسچینج ملازم کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے تھانہ پشتخرہ کی حدود میں بھی گزشتہ سال پٹرول پمپ منیجر سے اسلحہ کی نوک پر 24 لاکھ روپے چھیننے کا انکشاف کیا ہے،ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے دونوں وارداتوں کے دوران چھیننے گئی رقم میں سے 36 لاکھ روپے اورمختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا جدید خود کار اسلحہ دو عدد کلاشنکوف،دو عدد پستول او ر دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ، پانچوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کردیا گیا ہے جہاں دوران تفتیش ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے