ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سیS-300 میزائلوں کی خلیج عربی کے کنارے منتقلی

منگل 21 مئی 2019 14:13

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سیS-300 میزائلوں کی خلیج عربی کے کنارے ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) سوشل میڈیا پر ایرانی حلقوں کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والے وڈیو کلپوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے فضائی دفاعی میزائل سسٹمS-300 کی بیٹریز کو خلیج عربی کے کنارے واقع علاقوں میں منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔وڈیو کلپوں میں میزائلوں اور فوجی ساز و سامان سے بھرے عسکری ٹرک بوشہر صوبے کے علاقے عسلویہ جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ علاقہ ایران کے جنوب میں خلیج عربی کے مقابل واقع ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی فضائیہ کے سربراہ عزیز نصیر زادہ نے پیر کے روز دھمکی دی کہ امریکا کی جانب سے دھمکائے جانے کے جواب میں خطے کے ممالک کے دارالحکومتوں پر بمباری کی جائے گی اور خلیج عربی میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

نصیر زادہ نے بوشہر، بندر عباس اور اصفہان میں فضائی اڈوں کے دورے کے دوران ایرانی ہوابازوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اٴْس قیادت کی پیروی کریں جنہوں نے عراق کے ساتھ جنگ میں اپنی جانیں قربان کر دیں اور اس دوران غیر وابستہ تحریک کے سربراہ اجلاس سے قبل عراقی دارالحکومت بغداد پر کاری ضرب لگائی۔

دوسری جانب ایرانی عہدے داران حالیہ حملوں میں براہ راست ملوث ہونے کی تردید کر رہے ہیں۔ ان حملوں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے امارات کے علاقائی پانی میں تیل کے ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے اور تیل کی سعودی تنصیبات پر حملہ کیے جانے کے علاوہ بغداد میں امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ علی فدوی کا کہنا ہے کہ پاسداران اپنی کارروائیوں کو موجودہ سطح سے زیادہ بڑھا سکتی ہے۔ادھر امریکی طیارہ بردار جنگی جہاز ابراہم لنکن نے پیر کے روزسے بحر عرب میں مشقوں کا آغاز کر دیا۔