دُبئی: خاتون کو بلیک میل کرنے والے کو 9 ماہ کی قید ہو گئی

ملزم اپنے فلیٹ میں مقیم خاتون کی خفیہ ویڈیو بنا کر اُسے بلیک میلنگ کرتا رہتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 مئی 2019 15:29

دُبئی: خاتون کو بلیک میل کرنے والے کو 9 ماہ کی قید ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،22 مئی 2019ء) عدالت نے اُردن سے تعلق رکھنے والے ایک مرد کو اپنی ہم وطن خاتون کی خفیہ کیمرے سے ویڈیو بنا کر اُسے بلیک میل کرنے کے الزام میں 9 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔ 49 سالہ اُردنی خاتون نے بتایا کہ وہ 2016ءمیں اپنے ہم وطن 47 سالہ مردسے اُس وقت مِلی جب وہ کچھ فرنیچر اپنے آبائی وطن بھجوانا چاہتی تھی۔ جس پر ملزم نے اُس سے رابطہ کیا اور اُس کا سامان بھجوا دیا۔

اس کام کے بدلے میں ملزم نے خاتون کو دس ہزار درہم بطور کمیشن ادا کرنا تھے۔ چند ہفتوں کے بعد خاتون نے اپنے بیٹے کے ہمراہ ملزم کے اپارٹمنٹ میں بطور کرایہ دار عارضی طور پر رہائش اختیار کر لی کیونکہ اُس کی اپنی رہائش گاہ پر مرمت کا کچھ کام چل رہا تھا۔ چند دِنوں بعد مرد نے خاتون کو کھانے پر بُلایا اور اُسے کہا کہ اگر وہ اپنے حصّے کے دس ہزار درہم کی کمیشن لینا چاہتی ہے تو اُسے اُس کے ساتھ جنسی عمل کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اسی دوران ملزم نے اُسے بتایا کہ اُس نے خاتون کی اُن دِنوں خفیہ کیمرے سے برہنہ حالت میں ویڈیو بھی بنا لی تھی جب وہ اُس کے اپارٹمنٹ میں مقیم تھی۔ اگر اُس نے اُس کی بات نہ مانی تو وہ اُس کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گا۔ خاتون نے اُس کی بات چُپ کر کے سُن لی مگر بعد میں ملزم کی بیوی کو ساری بات بتا دی۔ بیوی کی جانب سے جھگڑا کرنے پر ملزم نے خاتون کو فون کر کے کہا کہ اب وہ اُس کی برہنہ ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر بھیج کر اُسے خاندان اور دُنیا بھر میں رُسوا کر دے گا۔

خاتون نے اُس کی دھمکی سُن کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ جس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ عدالت میں مقدمے کی سُنوائی کے دوران ملزم کو بلیک میلنگ اور نجی زندگی میں مداخلت کا قصور وار ٹھہراتے ہوئے قید کی سزا سُنائی گئی اور ڈی پورٹ کرنے کا حکم بھی سُنایا گیا۔