شارجہ میں225 درہم میں بس کی مہینہ بھر جتنی چاہیں، سواری کریں

شارجہ کے رہائشیوں کے لیے مواصلات کارڈ کی سہولت متعارف کرا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 مئی 2019 11:51

شارجہ میں225 درہم میں بس کی مہینہ بھر جتنی چاہیں، سواری کریں
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 مئی 2019ء) شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے شارجہ شہر کی سرکاری بس سروس کے مسافروں کے لیے مواصلات کارڈ کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ مواصلات کارڈ کے باعث شارجہ شہر کے مکین ماہانہ 225 درہم یکمشت ادا کریں گے، جس کے بعد وہ مہینہ بھر میں جتنی بار چاہیں بس کا سفر کریں، اُنہیں کوئی اضافی رقم ادا نہ کرنا ہو گی۔

روڈز اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ مواصلات کارڈ صرف شہر کے اندر چلنے والی بسوں کے لیے کارآمد ہو گا، یہ رعایت انٹرسٹی بس رُوٹس کے لیے میسر نہیں ہو گی۔ جبکہ پہلی بار کارڈ کے حصول کے لیے پانچ درہم کی ادائیگی بھی کرنا ہو گی۔ اتھارٹی کے مطابق اس سہولت کا مقصد شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سستی سہولت فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایک پاکستانی اشرف سعید نے بتایا ”میں روزانہ بس میں سفر کرتا ہوں، اور ایسی شاندار اور سستی سہولت کے لیے کافی عرصے سے منتظر تھا۔

مجھے دِن میں دو بار گھر سے دفتر جانے اور پھر واپس گھر آنے کے لیے بس پکڑنا ہوتی ہے۔میرا ایک بار کا کرایہ 8 درہم لگتا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ مجھے ماہانہ 416 درہم بس کے کرایہ کی مد میں خرچنا پڑتے ہیں، صرف چار دِن چھُٹی کے ہوتے ہیں۔ جبکہ مواصلات کارڈ کی سہولت کے باعث میں ماہانہ 191 درہم بچانے میں کامیاب ہو جاﺅں گا۔ روڈز اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مواصلات کارڈ کے حصول کے لیے مسافر بس ڈرائیوز سے رجوع کریں۔ ہر کارڈ پر اُس کی معیاد بھی درج ہوتی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس مواصلات کارڈ کے حوالے سے کوئی فیڈ بیک، معلومات یا شکایات کا اندراج کرانا ہو تو عوام اتھارٹی کے کال سینٹر پر 600525252 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :