وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم کا یُنان اوپن یونیورسٹی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام

جمعہ 24 مئی 2019 15:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وطن عزیز میں تعلیم کے فروغ طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ اور اکیڈمک پروگرامز میں توسیع کے لئے چین کی جامعات کے ساتھ باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم نے یُنان اوپن یونیورسٹی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر YOU کے صدر ڈو جونن کو مبارکباد کے پیغام میں کیا۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی اوپن یونیورسٹیوں کے پانچ سے دس سالہ دیرینہ تعاون پر انہیں بہت خوشی ہے اور وہ اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہر میدان میں پاک چین بردارانہ تعلقات اور شراکت داری ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے 2014، 2016ء اور 2018ء میں یُنان اوپن یونیورسٹی کے دورے کئے تھے، اسی طرح YOU کے نائب صدر اور ان کی ٹیم نے 2016ء میں اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے لاہور ریجن میں ’’چائنیز لینگوئج سینٹر‘‘ کے قیام میں تعاون کی فراہمی پر ہم یُنان اوپن یونیورسٹی کے شکرگزار ہیں۔ دونوں جامعات کے مابین پرنٹنگ ٹیکنالوجی ڈپلومہ کی لانچنگ اور اوپن یونیورسٹی کے پرنٹنگ سٹاف کے لئے تربیتی کورسز کا معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔ چین کے یُنان ریجن میں تعلیم کے فروغ میں YOU نے گذشتہ دس سال میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور اس یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز اعلیٰ معیار اور مارکیٹ کی ضرورتوں کے مطابق ہیں۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی مشترکہ ڈگری پروگرامز کی لانچنگ، فیکلٹی اور طلبہ کے باہمی تبادلوں اور یونیورسٹی کے ریجنل آفسز میں چائنیز لینگوئج سینٹر کے قیام کے لئے YOU کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔