رمضان المبارک میں مذہبی ہم آہنگی کی نئی مثال

جمرود کے رہائشی ایک سکھ شہری نے ماہ رمضان کے احترام میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 مئی 2019 15:48

رمضان المبارک میں مذہبی ہم آہنگی کی نئی مثال
جمرود (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2019ء) : رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسلمان پورا مہینہ روزے رکھتے اور اللہ کی عبادت میں مصروف رہتے ہیں۔ اس با برکت مہینے میں ایک چھوٹی سی نیکی کا ثواب بھی ستر گنا زیادہ ہوتا ہے۔ ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں جہاں مسلمان پورا مہینہ روزے رکھتے ہیں وہیں رمضان المبارک کے مہینے میں ہونے والی مہنگائی بھی روزے داروں کو پریشان کر کے رکھ دیتی ہے۔

ماہ صیام میں اشیائے خور دونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے جس سے روزہ دار کافی پریشان ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک میں ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی میں بھی اضافہ ہوتا ہے جو مہنگائی کا سبب بنتا ہے۔ گراں فروش شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیتے ہیں۔ لیکن نفسا نفسی اور ذخیرہ اندوزی کی وبا کے اس دور میں بھی جمرود کے رہائشی ایک سکھ شہری نے مسلمانوں کی پریشانی کا حل نکال کر مذہبی ہم آہنگی کی ایک اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقہ جمرود میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے شہری رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے کے احترام میں اپنی دکان پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 10 سئ 30 فیصد تک کی کمی کر دیتے ہیں۔ سکھ شہری کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں لوگ اپنی چُھریاں تیز کر لیتے ہیں لیکن ہمارا مشن سستے سے سستے داموں سامان فروخت کرنا ہے۔

نرجن سنگھ کا کہنا ہے کہ میں اس مقدس ماہ کے احترام میں قیمتوں میں کمی کر کے سب کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کم منافع رکھ کر ضرورت مندوں کا خیال رکھنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزہ دار کی دعا کے مقابلے میں کروڑوں روپے کی کوئی وقعت نہیں ہے۔ روزہ داروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے احترام میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے نرجن سنگھ نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ جو کام سب کو کرنا چاہئیے وہ صرف ایک سکھ شہری ہی کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :