بھکر ۔ بھکر پولیس نے یوم شہادت حضرت علی ؓ کی مناسبت سے سیکیورٹی پلان جاری کردیا

جمعہ 24 مئی 2019 17:50

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) بھکر پولیس نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی (علیہ السلام) کی مناسبت سے نکالے جانیوالے مرکزی جلوس کیلئے سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے۔ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم نے گزشتہ شب مکمل جلوس روٹ کا ذاتی طورپر وزٹ کیا اور اس حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم کے احکامات پربھکر پولیس نے یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں مرکزی جلوس کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے جامع پلان جاری کردیا ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی کیلئے کل 355 پولیس افسران و اہلکاران تعینات کیے جارہے ہیں۔ 4 ڈی ایس پی، 7 انسپکٹرز، 24 سب انسپکٹرز، 26 اسسٹنٹ سب انسپکٹر،46 ہیڈ کنسٹیبل اور248 کنسٹیبل سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

جلوس روٹ کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کیلئے ڈیوٹی کو 18 پوائنٹس میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ تعیناتی کے ساتھ ساتھ ان کی موثر انداز میں چیکنگ بھی عمل میںلائی جاسکے۔

جلوس روٹ کے اطراف میں ایلیٹ پولیس فورس کی ٹیمیں گشت کے فرائض سرانجام دیں گی۔ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بھکر میں ریزرو فورس بھی تشکیل دے دی گئی جو بوقت ضرورت فوری ریسپانس دے گی۔ جلوس روٹ کو خفیہ کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا جبکہ پولیس کے جوان روٹ پر واقع مختلف عمارتوں کی چھتوں پر بھی محافظ کے فرائض سرانجام دیں گئے۔

تمام صورت حال اور ڈیوٹی کی نگرانی و مانیٹرنگ کیلئے آئی ٹی سیل ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ جہاں پر ڈی ایس پی رینک کے آفسیروائرلیس کنٹرول اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مددسے صورتحال کا مشاہدہ کریں گئے اوران تمام افسران سے رابطہ رکھیں گے جو نگرانی یا پوائنٹ ڈیوٹی پر موجود ہوں گے ۔جلوس روٹ کاجائزہ لینے اور انتظامات کا مشاہدہ کرنے کیلئے ڈی پی او بھکر نے گزشتہ شب مکمل جلوس روٹ کا وزٹ کیا۔

ایس ڈی پی او صدربھکر، ایس ایچ او سٹی بھکر اور انچارج سیکیورٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انھیں جلوس کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ ڈی پی او بھکر کا مزید کہنا تھاکہ امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے اور شر پسند عناصر کی سرکوبی کیلئے تما م دستیاب وسائل اور ذرائع استعمال میںلائے جائیں گے۔