مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی

قوم کو نااہل ٹولے سے نجات دلانے کیلئے اسلام آباد کی طرف بہت جلد لانگ مارچ کریں گے: سربراہ جمیعت علماء اسلام ف

جمعہ 24 مئی 2019 20:29

مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء) مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی، سربراہ جمیعت علماء اسلام ف کا کہنا ہے کہ قوم کو نااہل ٹولے سے نجات دلانے کیلئے اسلام آباد کی طرف بہت جلد لانگ مارچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنی جماعت کے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کی تیاریوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یوآئی قوم کو نااہل ٹولے سے نجات دلانے کیلئے اسلام آباد کی طرف بہت جلد لانگ مارچ کرے گی۔

ملک کوخونخوارعالمی مالیاتی اداروں کے آگے گروی رکھنے والے ملک سے وفادار نہیں ہوسکتے ، مسلط شدہ حکمران بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت عالمی سازش کی تحت ملک پر مسلط کی گئی ہے جس سے فوری نجات ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مسلط شدہ جعلی اور نااہل حکومت سے فوری نجات ملک و ملت کے مفاد کی خاطر بہت ضروری ہوچکی ہے، جس کیلئے جمعیت تنہا میدان عمل میں ہے اور ان حکمرانوں کو گھر بھیجنے تک اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد موجودہ حکومتی ٹولے کے خلاف جاری تحریک میں تیزی لائی جائے گی جس کیلئے جمعیت علماء اسلام کے کارکنان کو کلیدی کردار اداکرناہوگا۔ کارکنوں پرمشکل وقت آرہاہے ملک وقوم کوبیرونی ایجنٹوں سے نجات دلانے کے لئے انقلابی تحریک کی پور تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نام نہاد حکمران ٹولے نے نو ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن کا شکار کردیا ہے۔

مہنگائی اور بے روزگای کا جن بے قابوہوچکا ہے، ملک کو براہ راست خونخوار عالمی مالیاتی اداروں ورلڈبینک اور آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا گیاہے۔ پاکستانی کرنسی کی بدترین بیقدری اور ڈالر کی ریکارڈ توڑ اونچی اڑان ملک و قوم کے ساتھ سنگین دشمنی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ ان حالات میں صرف نو ماہ کی تبدیلی سرکار کی کارکردگی کے سبب حکومت کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کے سبب عام آدمی کا مہنگائی نے کچومر نکال کر رکھ دیا ہے جے یوآئی ملک و ملت اور عام آدمی کو بے حس اور ملک وعوام دشمن حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ نااہل ٹولے سے نجات کیلئے جمعیت بہت جلد اسلام آباد کو لاک ڈاون کرنے کیلئے لانگ مارچ کرے گی۔ جمعیت کا بر کارکن ان کٹھ پتلی حکمرانوں سے قوم کو نجات دلانے کیلئے تیار رہے اور ہماری ایک آواز پر ملک بھر کے کارکنان جمعیت دیوانہ وار اسلام آباد کا رخ کریں گے اور عوام کو اس حکومت سے نجات دلا کر اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔