پاکستانی ٹیم دوسرا وار م اپ میچ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی

وارم اپ میچز کا مرحلہ 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا قومی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کریگی

ہفتہ 25 مئی 2019 15:37

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم دوسرا وار م اپ میچ کل اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے وارم اپ میچز کا مرحلہ 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد ورلڈ کپ 2019ء کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا،قومی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

وارم اپ مرحلے میں 26 مئی کو کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائیگا۔ اسی روز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مدمقابل ہونگی۔ 27 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔

(جاری ہے)

وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ وارم اپ مرحلے کے ختم ہونے کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کا باقائدہ آغاز 30 سے ہوگا اور ورلڈ کپ کا ابتدائی میچ 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے مقام پر کھیلا جائے گا۔