دعا فاطمہ، میری بیٹی، ہم سب اللہ کے پاس سے آئے ہیں اور واپس وہیں جانا ہے ،آصف علی

دعا میری ہمت اور طاقت تھی ،تاحیات اس کی یادوں کی مہک اپنی زندگی سے فراموش نہیں کرسکوں گا، بیان

ہفتہ 25 مئی 2019 15:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) پاکستانی کرکٹر آصف علی نے بیٹی کے انتقال پر کہا ہے کہ ہم سب اللہ کے پاس سے آئے ہیں اور واپس وہیں جانا ہے ۔انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹر آصف علی نے اپنے ٹوئٹر پر ’’دعا فاطمہ۔ میری بیٹی‘‘ کے عنوان سے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

آصف علی نے اپنے ٹوئٹر پیغام کا آغازاس طرح کیا کہ ہم سب اللہ کے پاس سے آئے ہیں اور واپس وہیں جانا ہے اور میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشکل کی گھڑی میں میرا اور میری فیملی کا ساتھ دیا۔انہوں نے اپنے پیغام میں پی سی بی حکام، ٹیم کے کوچنگ اسٹاف، ساتھی کھلاڑیوں، امریکن ایمبیسی اسلام آباد، امریکی قونصل جنرل لاہور، شکاگو اور نیویارک میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام ،میو کلینک (امریکی ہسپتال جہاں ان کی بیٹی زیر علاج تھی)کی انتظامیہ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف سمیت امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دعا فاطمہ کے علاج اور اس کی زندکی بچانے کیلئے بے لوث ہوکر اپنے فرائض انجام دیئے اور دعائیں کیں۔

(جاری ہے)

آصف علی نے پیغام میں اپنی مرحومہ بیٹی دعا فاطمہ کو مقابلہ کرنے والی باہمت بیٹی قراد دیتے ہوئے کہا کہ دعا میری ہمت اور طاقت تھی میں تاحیات اس کی یادوں کی مہک اپنی زندگی سے فراموش نہیں کرسکوں گا۔پیغام کے آخر میں آصف علی نے اپنے تمام پرستار شائقین اور دوست و احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک بار پھر سے اپنی بیٹی کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی