لاہور میں موبائل فون سروس بند کیے جانے پر غور

یومِ شہادتِ علیؓ کے موقعہ پر شہر میں ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ ساتھ موبائل سروس بند کیے جانے پر غور

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 26 مئی 2019 11:40

لاہور میں موبائل فون سروس بند کیے جانے پر غور
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی2019) یومِ علیؓ کی مناسبت سے ہونے والے اجتماعات اور جلوسوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے انتظامیہ نے شہر میں موبائل فون سروس بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سوموار کو لاہور بھر میں حضرت علیؓ کے یومِ شہادت کے حوالے سے جلوس نکالے جائیں گے اور انؓ کی ذات سے عقیدت کا اظہار کیا جائے گا جس کے لیے انتظامیہ نے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے اور اب موبائل فون سروس بند کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور میں یوم حضرت علی ؓ کے موقع پر 2 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ڈبل سواری پر پابندی 20 اور 21 رمضان المبارک کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس پابندی سے صحافی، خواتین اور بزرگ افراد مستثنیٰ ہوں گے۔ یومِ علیؓ کے موقعہ پر ڈبل سواری کی پابندی کی درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے دی گئی تھی جس کے بعد پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔سی پی او لاہورنے یوم شہادت حضرت علی ؓ کے سلسلہ میں ہونے والے جلوس ومجالس کی سکیورٹی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔

اب شہر میں موبائل فون سروس بند کیے جانے پر غور شروع ہو گیا ہے تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی یوم شہادت حضرت علیؓ پرسخت سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور امن کے لیے ہرضروری قدم اٹھایا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔