وٹس ایپ میسج پر بلیو ٹک بیوی کی طلاق کی وجہ بن گیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 30 مئی 2019 23:56

وٹس ایپ میسج پر بلیو ٹک بیوی کی طلاق کی وجہ بن گیا

سعودی عرب میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو وٹس ایپ پر ٹیکسٹ میسج کیا  لیکن بیوی نے اس میسج کو نظر انداز کرتے ہوئے کوئی جواب نہیں دیا۔
وٹس ایپ کے لانچ  کیے ہوئے بلیو ٹک یا نیلے ٹک کے نشان سے میسج بھیجنے والے کو معلوم ہو جاتا ہے کہ اُن کا پیغام پڑھ لیا گیا ہے۔ اسی فیچر کی وجہ سے سعودی شوہر کو معلوم ہو گیا کہ اُن کا  میسج پڑھ تو لیا ہے لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

شوہر کو شک ہو گیا کہ اُن کی بیوی کسی اور کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے، جس کی وجہ سے انہیں کوئی جواب نہیں دے  رہی۔ اسی بات پر شوہر نے اپنی بیوی کو وٹس ایپ پر  ہی تین بار طلاق  دے دی۔مقامی میڈیا نے اس خبر کو کافی کوریج دی ہے۔
شوہر کا موقف ہے کہ اُن کی بیوی کے پاس اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے بات کرنے  اور سوشل میڈیا سائٹ پر وقت گزارنے کے لیے تو کافی وقت ہوتا ہے لیکن اپنے شوہر اور بچوں کے لیے وقت نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

شوہر کا کہنا ہے کہ  انہوں نے اپنی بیوی کو وٹس ایپ میسج نظر انداز کرنے پر طلاق نہیں دی بلکہ یہ اُن کی بیوی کی مسلسل مصروفیت کی وجہ  سے ہے، جس کی وجہ سے اُن کا ذہنی سکون برباد ہو گیا تھا۔
دوسری طرف بیوی کا موقف ہے کہ  انہوں نے اسی وقت کئی فون کالز کرنی تھیں، اسی وجہ سےاپنے شوہر کے میسج کا جواب نہیں دے سکیں اور شوہر نے غصے میں انہیں طلاق دے دی۔


شوہر نے طلاق کی وجہ وٹس ایپ کے نیلے ٹک کو بتایا ہے، جس کے مطابق اُن کی بیوی نے  میسج پڑھ تو لیا تھا لیکن اسے نظر انداز کر دیا۔شوہر کا کہنا تھا کہ اگر وہ مصروف تھیں یا فون کالز کر رہی تھیں تو میسج کے ساتھ گرے ٹک آنا چاہیے تھا۔
انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ اتنی سی بات پر شوہر کو طلاق نہیں دینی چاہیے تھی اگر طلاق دے ہی دی ہے تو بہت اچھا ہوا جو عورت کی ذہنی مریض شوہر سے جان چھوٹ گئی ہے۔

وٹس ایپ میسج پر بلیو ٹک بیوی کی طلاق کی وجہ بن گیا