رمضان المبارک میں ہم اس بات کا عہد کریں کہ جتنی بھی مہلت عمل باقی ہے اسے بندگی رب میں گزاریں گے۔حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 1 جون 2019 18:21

رمضان المبارک میں ہم اس بات کا عہد کریں کہ جتنی بھی مہلت عمل باقی ہے ..
کراچی۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دنیا دارالامتحان ہے، رمضان المبارک میں ہم اس بات کا عزم اور عہد کریں کہ جتنی بھی مہلت عمل باقی ہے اسے بندگی رب میں گزاریں گے، قرآن سے تعلق کو مضبوط بنائیں اور اپنے بچوں کو بھی قرآن سکھائیں اور سمجھائیں، دین کا تقاضا ہے کہ اسے قائم اور نافذ کیا جائے جس طرح نماز، روزہ، زکوٰة اور حج فرض ہے اسی طرح اللہ کے دین اور نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد بھی ہر اہل ایمان پر فرض عین ہے، مرحومین کے لئے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ان کے لئے زیادہ سے زیادہ دعائے مغفرت کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں الخدمت کراچی کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئر سلیم اظہر کی اہلیہ کے انتقال پر ملال کے حوالے سے ان کی رہائش گاہ پر ایک افطار کے پروگرام میں درس قرآن دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افطار میں ان کے اہل خانہ، احباب اور اہل محلہ نے شرکت کی، خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزیدکہا کہ ہمیں یہ بات اچھی طرح یاد رکھنا چاہیے کہ انسان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد صرف تین چیزیں ہیں جواس کے نامہ اعمال میں نیکیوں کو بڑھائیں گی ایک وہ مال و صدقہ جاریہ جو اس نے اس نے اپنی زندگی میں کیا ہو، دوسرے وہ علم جو اس نے دوسروں تک پہنچایا ہو اور نیک اولاد، جو اس کے لئے دعائے مغفرت کرے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں رب کریم نے ایک رات ایسی رکھی ہے جس میں ہزاروں مہینوں سے زیادہ عبادت کا ثواب رکھا ہے تاکہ جہنم کی آگ سے ہم خود بھی بچیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی بچائیں۔