Live Updates

دس سال کے بعد برٹش ائیرویز کی پہلی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی

برطانوی فضائی کمپنی کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والی پرواز میں 240 مسافر سوار تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 3 جون 2019 10:51

دس سال کے بعد برٹش ائیرویز کی پہلی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جون 2019ء) : دس سال کے بعد برٹش ائیرویز کی پہلی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق برٹش ائیرویز نے 10 سال بعد پاکستان میں فضائی آپریشن بحال کردیا۔ برطانوی فضائی کمپنی کی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر 240 مسافروں کے ہمراہ لینڈ کرگئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذلفی بخاری نے ائیرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا۔

برٹش ائیرویز کی لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار3 پروازیں چلائی جائیں گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیرایوی ایشن غلام سرور خان نے برٹش ائیرویز کے پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ برٹش ائیرویز کے پاکستان میں آپریشن کے بحالی پرخوشی ہے۔

(جاری ہے)

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ برٹش ائیرویز کی فضائی آپریشن کی بحالی سے ایوی ایشن ڈویزن کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

برٹش ائیرویز کی بحالی کے باعث دیگر یورپین ملکوں کی فضائی کمپنیاں پاکستان سے رجوع کر رہی ہیں جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 جون کا دن ایوی ایشن کی تاریخ میں اہم دن ثابت ہوگا۔ یاد رہے کہ 10 سال قبل 2008ء میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد برٹش ائیرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں برٹش ائیر ویز نے دوبارہ پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی جس وجہ سے برٹش ائیرویز نے پاکستان میں دس سال کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ برٹش ائیرویز کے اس اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو ملک میں سرمایہ کاری لانے اورعالمی سطح پر ملک کا بہتر امیج بنانے پر کافی سراہا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات